طالبان کا مولانافضل الرحمان سے رابطہ،شیخ ادریس کے قتل پر دکھ کا اظہار

شیخ ادریس کی شہادت پر پاکستانی عوام کی طرح افغانستان کےعوام بھی غم میں برابر کے شریک ہیں، افغان وزرا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق امارت اسلامی افغانستان کے اعلیٰ سطح کے رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا، ان رہنماؤں میں وزیر دفاع ملا یعقوب، وزیر داخلہ مولانا سراج الدین حقانی، وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی، ترجمان ذبیح اللہ مجاہد شامل تھے۔بیان میں کہا گیا کہ امارت اسلامی کی قیادت نے مولانا فضل الرحمان سے شیخ ادریس کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ شیخ ادریس شہید کی بلندی درجات کے لیے دعاگو ہیں اور ان کی شہادت کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امارت اسلامی افغانستان شیخ ادریس کی شہادت کے غم میں برابر کی شریک ہے اور پاکستانی عوام کی طرح افغانستان کے عوام بھی شیخ ادریس کی شہادت کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

افغان وزرا نے کہا کہ جمعیت علما اسلام اور علما اور طلبا کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ چارسدہ کے معروف عالم دین اور سابق رکن صوبائی اسمبلی شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی کو 5 مئی کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا اور تفتیشی حکام نے بتایا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی اور ایک حملہ کا تعلق افغانستان سے ہے۔اس حوالے سے مزید بتایا گیا تھا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور مقامی پولیس کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے فوٹیج سے اہم مواد کا جائزہ لیا اور واردات میں ملوث 4 میں سے ایک دہشت گرد کی نشان دہی ہوگئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button