سجاول:حسین شاہ شیرازی کی کاوشوں سے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے جدید ایمبولینس اور ریسکیو لانچ انتظامیہ کے حوالے

سجاول(جانوڈاٹ پی کے)رکن قومی اسمبلی سید ایاز حسین شاہ شیرازی کی خصوصی کاوشوں سے ضلع سجاول میں قدرتی آفات کے دوران انسانی جانوں کو بچانے اور امدادی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کیلئے ایک جدید ایمبولینس اور جان بچانے والی ریسکیو لانچ ضلع انتظامیہ سجاول کے حوالے کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ساحلی ضلع سجاول میں سمندری طوفان، بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث اکثر ہنگامی حالات پیدا ہوتے رہتے ہیں، جن کے دوران لوگوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے میں شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔ ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم این اے سید ایاز حسین شاہ شیرازی نے حکومت سندھ اور ریسکیو 1122 کے تعاون سے ضلع سجاول کیلئے خصوصی طور پر ایک ایمبولینس اور ریسکیو لانچ فراہم کروائی۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس سجاول میں ایک اہم بریفنگ اور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریسکیو 1122 کے ہیڈ بریگیڈیئر طارق، ڈپٹی کمشنر سجاول زاہد حسین رند، ڈائریکٹر کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی مختار مہر، سندھ یونیورسٹی کیمپس ٹھٹھہ کی پرو وائس چانسلر میڈم صفیہ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے سید ایاز حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں قدرتی آفات کے دوران بروقت امدادی کارروائیاں انتہائی ضروری ہوتی ہیں اور جدید سہولیات کی فراہمی سے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سجاول جیسے حساس ساحلی ضلع میں ریسکیو وسائل کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت تھی، جس کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
بعد ازاں ایم این اے سید ایاز حسین شاہ شیرازی اور بریگیڈیئر طارق نے باضابطہ طور پر ایمبولینس اور ریسکیو لانچ ضلع انتظامیہ سجاول کے حوالے کیں۔ اس موقع پر شرکاء نے امید ظاہر کی کہ نئی سہولیات سے ہنگامی صورتحال میں امدادی کاموں کی رفتار اور استعداد میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ متاثرہ علاقوں کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔



