سجاول:دڑو بیراج میں نہاتے ہوئے 5 نوجوان ڈوب گئے، چار محفوظ،ایک لاش چار گھنٹے بعد برآمد

سجاول (جانوڈاٹ پی کے) سجاول برانچ موری کے علاقے دڑو بیراج میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نہاتے ہوئے پانچ نوجوان دریا میں ڈوب گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فوری کارروائی کرتے ہوئے چار نوجوانوں کو بحفاظت پانی سے نکال لیا گیا جبکہ ایک نوجوان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری رہا۔
تقریباً چار گھنٹے کی طویل کوششوں کے بعد 20 سالہ نوجوان امیر شاہ کی لاش برآمد کر لی گئی، جسے ضروری قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال سجاول منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو کے مطابق بچائے گئے نوجوانوں میں عمیر میمن، سہیل شاہ اور شمون شاہ شامل ہیں۔
واقعے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد کمیل، ریسکیو ٹیمیں اور مقامی شہری بڑی تعداد میں موجود رہے جبکہ بعد ازاں ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔



