سنگاپور میں پاکستانی طلبہ کا شاندار کارنامہ، گلوبل ماڈل یو این میں 8 ایوارڈز جیت لیے

سنگاپور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستانی طلبہ نے عالمی سطح پر ایک بار پھر ملک کا نام روشن کردیا، گلوبل ماڈل یونائیٹڈ نیشنز سنگاپور 2026 میں ویسٹ منسٹر ماڈل یو این سوسائٹی کے وفد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 بین الاقوامی ایوارڈز اپنے نام کرلیے۔
اعلامیے کے مطابق ویسٹ منسٹر ماڈل یو این سوسائٹی کا 10 طلبہ پر مشتمل وفد 11 سے 15 اگست 2026 تک منعقد ہونے والی گلوبل ماڈل یو این کانفرنس میں شریک ہوا، جہاں وفد کے 8 طلبہ مندوبین نے مختلف اعزازات حاصل کیے۔
پاکستان کی نمائندگی کرنے والے طلبہ نے سنگاپور کے سنٹیک سٹی کنونشن سینٹر میں ہونے والی کانفرنس میں دنیا کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے طلبہ کے ساتھ سفارت کاری، مباحثہ، عوامی گفتگو، مذاکرات اور فیصلہ سازی کے مقابلوں میں حصہ لیا۔
🏆 پاکستانی طالب علم کو ’’بہترین مندوب‘‘ کا اعزاز
کانفرنس میں ایک پاکستانی طالب علم نے بہترین مندوب (Best Delegate) کا باوقار ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ یہ اعزاز کمیٹی میں بہترین کارکردگی، سفارت کاری، مذاکرات، قیادت اور مؤثر نمائندگی پر دیا گیا، جسے ماڈل اقوام متحدہ کی بین الاقوامی کانفرنس میں اہم ترین انفرادی اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔
پاکستانی وفد کی مجموعی کارکردگی نے ثابت کردیا کہ نوجوان پاکستانی طلبہ عالمی سطح پر سفارتی مباحثوں اور قیادت کے میدان میں کسی سے پیچھے نہیں۔
👏صرف 12 سال کی عمر میں عالمی مقابلے میں کامیابی
پاکستانی وفد کی کامیابیوں میں سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والی بات یہ ہے کہ مندوبین میں اسنا احمد علوی اور ریان بھی شامل تھے، جن دونوں کی عمر صرف 12 سال تھی۔
کم عمری کے باوجود دونوں طلبہ نے انتہائی مسابقتی عالمی ماحول میں اعتماد، مؤثر عوامی گفتگو، سفارتی شعور اور مذاکرات کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے ان نوجوان پاکستانی مندوبین کی کامیابی نے یہ پیغام دیا کہ صلاحیت، محنت اور اعتماد کے سامنے عمر رکاوٹ نہیں بنتی۔
عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تعارف
ویسٹ منسٹر ماڈل یو این سوسائٹی کے وفد کی کامیابی کو بین الاقوامی تعلیمی اور یوتھ ڈپلومیسی فورمز پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی ایک مثبت مثال قرار دیا جارہا ہے۔
ماڈل اقوام متحدہ کے مقابلوں میں طلبہ کو حقیقی سفارتی ماحول کی مشق کرائی جاتی ہے، جہاں انہیں مختلف ممالک کے نمائندوں کا کردار ادا کرتے ہوئے عالمی مسائل پر بحث، مذاکرات اور پالیسی سازی کی مشق کرنا ہوتی ہے۔
گلوبل ماڈل یو این سنگاپور 2026 میں پاکستانی وفد کی کامیابی نہ صرف طلبہ بلکہ ان کے والدین، اساتذہ، سرپرستوں اور پوری پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر قرار دی جارہی ہے۔
8 ایوارڈز،بہترین مندوب کا اعزاز اور صرف 12 سالہ طلبہ کی شاندار کارکردگی نے سنگاپور میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کا ایک بار پھر دنیا کے سامنے لوہا منوا دیا۔



