ٹھٹھہ اور مکلی میں آوارہ پاگل کتوں کی بڑھتی تعداد، شہریوں میں خوف و ہراس

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) ضلع ٹھٹھہ کے ہیڈکوارٹر مکلی اور ٹھٹھہ شہر میں آوارہ اور مبینہ طور پر پاگل کتوں کی بڑھتی تعداد کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ حالیہ دنوں میں کتوں کے کاٹنے کے متعدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مکلی میں مبینہ طور پر ایک آوارہ کتے نے 8 سالہ حسنین سومرو کو کاٹ لیا، جسے فوری طور پر سول اسپتال مکلی منتقل کیا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد بچے کو گھر روانہ کر دیا گیا۔
اس سے قبل بھی ٹھٹھہ شہر میں ایک آوارہ کتے کے حملے میں اکرم قریشی (واسوانی) زخمی ہوئے تھے، جنہیں علاج کے لیے سول اسپتال مکلی منتقل کیا گیا تھا۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ مکلی اور ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث بچوں، بزرگوں اور عام شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ اور چیئرمین ٹاؤن کمیٹی مکلی سے مطالبہ کیا ہے کہ مکلی پوسٹ آفس ایریا، ہاشم آباد کالونی، ٹھٹھہ شہر اور دیگر متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر آوارہ کتوں پر قابو پانے کے لیے مؤثر مہم شروع کی جائے تاکہ مزید ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔



