ایران اور عمان میں اہم پیشرفت، آبنائے ہرمز میں جہازرانی کے راستے کے نقشے پر اتفاق

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز میں جہازرانی کے راستے کے نقشے پر اتفاق کرلیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ مذاکرات میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں، فریقین بات چیت جاری رکھتے ہوئے پیشرفت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں عدم استحکام کا ذمہ دار ایران نہیں بلکہ امریکا اور اسرائیل ہیں۔

اسماعیل بقائی کے مطابق 28 فروری تک آبنائے ہرمز میں کوئی مسئلہ نہیں تھا، تاہم امریکا اور اسرائیل نے ہرمز اور ملحقہ علاقوں کو ایران کے خلاف استعمال کیا۔ ایران اپنی قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق رکھتا ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا کہ عمان کے ساتھ مذاکرات اور آبنائے ہرمز کھولنا دو الگ معاملات ہیں۔ ان کے مطابق عمان کے ساتھ تکنیکی سطح پر بات چیت جاری ہے اور مذاکرات کا تعلق آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت سے ہے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کھلنے کا انحصار امریکا پر ہے اور امریکا کو مفاہمتی یادداشت میں طے کی گئی شرائط پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button