اسپین نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کا منفرد ریکارڈ قائم کر دیا، صرف ایک گول کھا کر عالمی چیمپئن بن گئی


نیویارک(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل میں ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والی اسپین نے فٹبال کی تاریخ کا ایک منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں اسپین نے پورے میچ کے دوران ارجنٹینا پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا اور اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں فیران ٹوریس کے فیصلہ کن گول کی بدولت ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اس کامیابی کے ساتھ اسپین فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پورے ٹورنامنٹ کے دوران صرف ایک گول کھا کر عالمی چیمپئن بننے والی پہلی ٹیم بن گئی، جو دفاعی اعتبار سے ایک غیرمعمولی کارنامہ تصور کیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسپین نے ٹورنامنٹ کے 8 میچز کھیلے، جن میں اس کے خلاف صرف ایک گول اسکور کیا گیا، جبکہ کوئی بھی حریف ٹیم مقررہ وقت میں اسپین پر برتری حاصل نہ کر سکی۔
اسپین کی مضبوط دفاعی حکمت عملی، منظم مڈفیلڈ اور مؤثر حملہ آور کھیل نے اسے پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رکھا، جس کے نتیجے میں اس نے نہ صرف دوسری بار ورلڈ کپ ٹرافی جیتی بلکہ عالمی فٹبال کی تاریخ میں ایک نیا باب بھی رقم کر دیا۔