جنوبی افریقہ میں فائرنگ، دو سگے بھائیوں سمیت 4 پاکستانی جاں بحق

منڈی بہاؤالدین(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں دو سگے بھائیوں سمیت چار پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے، جس پر پاکستان میں ان کے آبائی علاقوں میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ساجد احمد اور ظفر احمد نامی دو سگے بھائی شامل ہیں، جن کا تعلق پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین کے گاؤں بلہڑ سے تھا۔

اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والے چار پاکستانیوں میں سے تین کا تعلق ضلع منڈی بہاؤالدین جبکہ ایک کا تعلق ضلع سیالکوٹ سے تھا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق چاروں پاکستانی اپنی دکان بند کرکے گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چاروں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

واقعے کے بعد جنوبی افریقہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم آخری اطلاعات تک کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

اس افسوسناک واقعے پر جاں بحق افراد کے آبائی علاقوں میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ اہلِ خانہ نے ذمہ داروں کی فوری گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button