26 نومبر احتجاج کیس، سہیل آفریدی سمیت دیگر کے وارنٹ گرفتاری برقرار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر احتجاج کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، عبدالغنی آفریدی، جنید اکبر اور دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے آج پیش نہ ہونے والے ملزمان کے بھی وارنٹ جاری کردیئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ملزمان کی جانب سے دائر حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں مسترد کردیں جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت دیگر ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی بھی جاری رکھنے کا حکم دیا۔
عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ سہیل آفریدی اور دیگر ملزمان کا چالان جلد پیش کیا جائے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کردی۔ سہیل آفریدی اور دیگر کے خلاف تھانہ مارگلہ میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمہ درج ہے۔



