لائیو اسٹریمنگ کے دوران سوشل میڈیا انفلوئنسر نے خودکشی کرلی

سیول (مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی کوریا میں مقیم 26 سالہ جاپانی سوشل میڈیا انفلوئنسر مینا چن 5 اگست کی صبح سیول کے یونگسان ضلع میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کو ان کے دوستوں کی جانب سے اطلاع دی گئی، جنہوں نے لائیو براڈکاسٹ کے دوران صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ تاہم پولیس نے تاحال ان کی موت کی حتمی وجہ یا ممکنہ محرکات کے بارے میں باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔

مینا چن کی بہن نے بعد ازاں انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے ان کے انتقال کی تصدیق کی اور انہیں محبت کرنے والی اور نرم دل شخصیت کے طور پر یاد کیا۔

جاپانی نژاد مینا چن جنوبی کوریا کے معروف پاپ گروپ ENHYPEN کی مداحوں کی کمیونٹی میں بھی خاصی مقبول تھیں۔ وہ گروپ کے شوز اور فین ایونٹس میں شرکت کرتی اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مواد شیئر کرتی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق جولائی میں امریکا میں ہونے والے ایک کنسرٹ کے بعد مینا چن کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مبینہ طور پر انہوں نے گروپ کے رکن نِکی (Ni-Ki) کو پھول دینے کی کوشش کی، تاہم براہِ راست پھول نہ دے سکیں اور بعد ازاں گروپ کے ایک اور رکن سونو (Sunoo) کے ذریعے پھول نِکی تک پہنچانے کی کوشش کی۔

کنسرٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آئیں، تاہم مینا چن کی موت کو آن لائن تنقید سے براہِ راست جوڑنا قبل از وقت ہوگا، کیونکہ جنوبی کوریا کی پولیس نے تاحال موت کے محرکات کے حوالے سے کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا۔

مزید خبریں

Back to top button