سندھ میں 2025-26 کے لیے یونیورسٹی اسکالرشپس کا اعلان، مستحق طلبہ سے درخواستیں طلب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ (SEEF) ٹرسٹ نے تعلیمی سال 2025-26 کے لیے یونیورسٹی اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اسکالرشپس کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ کے تحت مستحق، نادار اور میرٹ پر پورا اترنے والے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کے لیے فراہم کی جائیں گی۔

اعلان کے مطابق اسکالرشپ کے لیے درخواستیں اشتہار کی اشاعت سے 31 اگست 2026 تک جمع کرائی جا سکیں گی۔

اسکالرشپس ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، فارمیسی، نرسنگ، انجینئرنگ، آئی ٹی، بزنس، قانون، زرعی انجینئرنگ سمیت مختلف پیشہ ورانہ اور تعلیمی شعبوں کے طلبہ کے لیے دستیاب ہوں گی۔

حکام کے مطابق یہ اسکالرشپ صرف سندھ کے ڈومیسائل اور مستقل رہائشی طلبہ کے لیے مختص ہے۔ اہل امیدواروں کے لیے کم از کم 2.5 سی جی پی اے یا 60 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اسکیم کے تحت کم آمدنی والے اور میرٹ پر پورا اترنے والے طلبہ کو ٹیوشن فیس کی مد میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ خصوصی افراد، اقلیتی برادری، یتیم طلبہ اور سرکاری ملازمین کے بچوں کے لیے بھی مخصوص کوٹہ رکھا گیا ہے۔

درخواست گزاروں کو اپنی آمدنی کا سرکاری تصدیق شدہ ثبوت جمع کرانا لازمی ہوگا۔ انتظامیہ کے مطابق صرف مکمل درخواستوں پر غور کیا جائے گا، جبکہ نامکمل درخواستیں مسترد کر دی جائیں گی۔

شارٹ لسٹ ہونے والے امیدواروں کو انٹرویو کمیٹی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔ درخواست فارم اور اہل یونیورسٹیوں کی فہرست سندھ ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ (SEEF) کی ویب سائٹ پر آن لائن دستیاب ہے۔

مزید خبریں

Back to top button