سندھ پولیس کے 5 افسران کے خلاف محکمانہ انکوائری کا حکم، معطل افسران کے خلاف تحقیقات شروع

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) سندھ پولیس کے محکمہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق میرپورخاص رینج سے تعلق رکھنے والے 5 پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ محکمانہ انکوائری شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایس پی عمرکوٹ سہائی عزیز کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے، جو متعلقہ افسران کے خلاف الزامات اور دستاویزات کی روشنی میں حقائق کا تعین کریں گی۔
حکم نامے کے مطابق جن افسران اور اہلکاروں کے خلاف انکوائری کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان میں انسپکٹر خلیل اللہ کمبھار (ضلع تھرپارکر، مٹھی) اے ایس آئی ذاکر علی جروار (ضلع میرپورخاص) پولیس کانسٹیبل محمد رمضان بجیر (ضلع تھرپارکر، مٹھی) پولیس کانسٹیبل مولا بخش کھوسو (ضلع عمرکوٹ) پولیس کانسٹیبل شاہد لغاری (ضلع میرپورخاص) شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ افسران و اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے کراچی میں پولیس ہیڈکوارٹر کی "بی کمپنی” کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔ انکوائری افسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 دن کے اندر اپنی رپورٹ جمع کرائیں۔ سندھ پولیس کے اس اقدام کو محکمانہ شفافیت اور احتساب کے عمل کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ انکوائری رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی متوقع ہے۔



