بدین میں سندھ کے پانی، بدامنی اور پریا کماری کی بازیابی کے لیے احتجاجی مظاہرہ

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو/پی کے)سندھ کے وسائل پر ڈاکہ، پانی کی قلت، پریا کماری کی بازیابی، بڑھتی ہوئی بد امنی چوری، ڈکیتی اور میرٹ کی پامالی کے خلاف قومی عوامی تحریک، سندھیاڑی تحریک اور سندھی ہاری تحریک کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر کامریڈ عبداللہ چانڈیو، بختاور جمالی، شازیہ احمدانی، کامریڈ حسین بجیر، گیان چند مہیشوری، انور ملاح، اصغر نوتکانی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ سے جلال پور کینال نکال کر اس میں پانی چھوڑ دیا گیا ہے، جس کے باعث سندھ کے زیریں علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پنجاب کی جانب سے سندھ کے پانی پر کیے جانے والے ڈاکے کو فوری طور پر روکے رہنماؤں نے کہا کہ پورا سندھ بدامنی کی لپیٹ میں ہے، چوری، ڈکیتی اور راہزنی روز کا معمول بن چکی ہے، جبکہ معصوم بچی پریا کماری احتجاجوں کے باوجود تاحال بازیاب نہیں ہو سکی ہے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کا پانی چرانے اور زمینوں پر قبضے کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو پنجاب جانے والی شاہراہوں پر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button