لطف علی منگریو نے سندھ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز 1122 کے قائم مقام سی ای او کا عہدہ سنبھال لیا

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز (SIEHS-1122) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری اور محکمہ صحت حکومتِ سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لطف علی منگریو نے 17 جولائی 2026 سے ادارے کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی ذمہ داریاں باضابطہ طور پر سنبھال لی ہیں۔

یہ تقرری برگیڈیئر (ر) طارق قادر لکھیار، ستارۂ امتیاز (ملٹری) کی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر کامیاب مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے بعد عمل میں آئی۔ ان کی قیادت میں SIEHS نے اپنی خدمات کا دائرہ سندھ کے 30 اضلاع تک وسیع کیا، جبکہ 1122 اور ٹیلی طبیب 1123 کو ہنگامی طبی خدمات کے قابلِ اعتماد اور نمایاں برانڈز کے طور پر مستحکم کیا۔

لطف علی منگریو کی بطور قائم مقام سی ای او تقرری ادارے میں داخلی قیادت کے فروغ اور آپریشنل تجربے کو ترجیح دینے کی پالیسی کا مظہر قرار دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز فیلڈ اور کنٹرول رومز سے کیا اور مختلف ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ڈائریکٹر آپریشنز کے عہدے تک پہنچے، جس کے باعث انہیں ہنگامی خدمات، فیلڈ آپریشنز اور درپیش چیلنجز کا وسیع عملی تجربہ حاصل ہے۔

عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پیغام میں لطف علی منگریو نے کہا کہ "یہ ادارہ دفاتر سے نہیں بلکہ ان پیشہ ور ٹیموں کی بدولت چلتا ہے جو سندھ بھر میں ہر لمحہ عوام کو بروقت ہنگامی خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ میری اولین ترجیح فیلڈ آپریشنز کو مزید مضبوط بنانا اور فرنٹ لائن عملے کو تمام ضروری وسائل اور مکمل معاونت فراہم کرنا ہوگی۔”

انہوں نے کہا کہ برگیڈیئر طارق قادر لکھیار نے SIEHS کو ایک مضبوط، پائیدار اور عوام کے اعتماد کا حامل ادارہ بنایا، اور مستقبل میں بھی ادارے کی تمام کاوشیں عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر مرکوز رہیں گی۔

ادارے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ SIEHS-1122 کی تمام فیلڈ، ریسکیو اور ایمرجنسی خدمات بلا تعطل معمول کے مطابق جاری ہیں، جبکہ حکومتِ سندھ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ جاری تمام معاہدوں اور آپریشنل ترجیحات پر بھی حسبِ سابق عمل درآمد جاری رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button