5 جولائی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین باب، آئین اور عوامی مینڈیٹ پر حملہ تھا، شیری رحمان

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیریں رحمان نے 5 جولائی 1977 کو ملکی تاریخ کا سیاہ ترین باب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن آئین، پارلیمان اور عوام کے جمہوری مینڈیٹ کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔
یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں شیریں رحمان نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر عوامی اختیار، آئینی نظام اور جمہوری اقدار پر کاری ضرب لگائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف اٹھایا گیا غیر آئینی اقدام درحقیقت عوام کے حقِ رائے دہی اور جمہوری مستقبل پر حملہ تھا، تاہم ان کے جمہوری وژن کو دبانے کی ہر کوشش ناکام ثابت ہوئی اور ان کے نظریات آج بھی عوام کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
شیریں رحمان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قائدِ عوام کے مشن کو ہر مشکل دور میں استقامت کے ساتھ آگے بڑھایا، جمہوریت کی خاطر جیلیں کاٹیں، آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی پوری زندگی عوامی حقوق کی جدوجہد کے لیے وقف رکھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی بحالی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے قید و بند، تشدد اور سختیوں کا سامنا کیا، مگر اپنے نظریے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔
شیریں رحمان نے زور دیا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور جمہوریت کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ آئین کی بالادستی، جمہوری نظام اور عوام کے فیصلے کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو ماضی کی غیر آئینی مداخلتوں سے سبق سیکھتے ہوئے جمہوری اقدار کو مضبوط بنانا ہوگا۔



