شیخوپورہ: ہائی وولٹیج تار بس پر گر گیا، کنڈیکٹر جاں بحق، 6 مسافر زخمی

شیخوپورہ(جانوڈاٹ پی کے) فیصل آباد روڈ پر ہیڈ روشن دین کے قریب بجلی کا ہائی وولٹیج تار ٹوٹ کر ایک مسافر بس پر گرنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں بس کا کنڈیکٹر جاں بحق جبکہ 6 مسافر زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ہائی وولٹیج تار بس پر گرتے ہی مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے باعث متعدد افراد نے اپنی جان بچانے کے لیے بس سے چھلانگیں لگا دیں۔

اس دوران چند بہادر مسافروں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر لکڑی کی مدد سے بجلی کے تار کو بس سے الگ کیا، جس کے باعث مزید قیمتی جانوں کو بچایا جا سکا۔

واقعے کے بعد شہریوں نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سانحے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، جبکہ بجلی کی ہائی وولٹیج لائنوں کی باقاعدہ جانچ، بروقت مرمت اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button