وزیر اعظم کا دورہ چین، 5 ارب ڈالر کے 100 سے زائد معاہدے ہونگے

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا کہ 24سے 26مئی تک وزیراعظم کے دورہ چین کے موقع پر 5 ارب ڈالر مالیت کے سو سے زائد ایم او یوز سائن کیے جائیں گے، تاہم 90 فیصد بزنس ٹو بزنس اور 10 فیصد گورنمنٹ ٹو بزنس ایم او یوز پر سائن کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، جس میں خطے کی کشیدہ صورتحال پر بات چیت ہو گی، وزیراعظم کے دورہ چین کے موقع پر زراعت، پولٹری، ڈیری فارمنگ، فروٹس اینڈ ویجی ٹیبل پراسیسنگ، اینیمل ویکسین، فشریز، کولڈ چین، فرٹیلائزر، بیج، زرعی ادویات، آئی ٹی، فن ٹیک، ای کامرس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ٹیلی کمیونیکیشن ،انڈسٹریل، سیل فونز و لیپ ٹاپ بیٹریز، الیکٹریکل وہیکل پارٹس، ای وی چارجنگ سٹوریج کے ایم او یوز پر دستخط ہونگے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیرصدارت ہائی لیول کمیٹی قائم کی ہے جو تمام ایم او یوز پر پیشرفت اور عملدرآمد کا ہفتہ وار بنیادوں پر جائزہ لے گی۔

وزیر توانائی، وزیر پٹرولیم، معاون خصوصی صنعت و پیداوار، وزیر آئی ٹی، وزیر فوڈ سکیورٹی و ریسرچ دورہ کے دوران وزیراعظم کے ساتھ ہونگے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سے نجی شعبے کے لوگ بھی جائیں گے جہاں بزنس ٹو بزنس ایم او یوز سائن ہونگے، 24 مئی کو وزیراعظم بزنس ٹو بزنس ایم او یوز کی دستخط کی تقریب میں شریک ہونگے جبکہ 25 مئی کو بیجنگ میں اہم ملاقاتیں اور میٹنگز شیڈول ہیں،تاہم وزیراعظم 26 مئی کو دورہ چین مکمل کر کے وطن واپس پہنچیں گے۔

دورہ چین کی تیاریوں کے باعث بجٹ پراسس میں تبدیلی ہوئی ہے آئندہ مالی سال کیلئے وفاقی بجٹ 5 جون کو پیش ہونے کا امکان ہے، جبکہ قومی اقتصادی سروے 4 جون کو پیش کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ چین سے واپسی پر نیشنل اکنامک کونسل اجلاس وزیر اعظم کی زیرصدارت 3 جون کو ہو سکتا ہے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک بیوروکریٹ نے بتایا کہ چین کیساتھ بزنس ٹو بزنس جتنے بھی ایم او یوز سائن کیے جائیں گے، پاکستان کی طرف سے وزیراعظم شہباز شریف اور بیجنگ کی جانب سے چین کے صدر فالواپ لیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button