بلوچستان میں 11 دہشت گرد ہلاک، وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا ہے۔
وزیراعظم نے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے خاران میں سڑک بلاک کرکے آمدورفت متاثر کرنے کی دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنانے پر بھی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے واشک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرنے اور 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر بھی سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔



