وزیراعظم محمد شہباز شریف محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہء سعودی عرب کیلئے روانہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف، سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وفد میں شامل ہیں۔

دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، اقتصادی و تزویراتی تعاون، سرمایہ کاری، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے اور مدینہ منورہ میں روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دے کر ملکی سلامتی، ترقی اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں کریں گے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے، جبکہ موجودہ علاقائی حالات کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button