وزیراعظم شہباز شریف کی اسپین کو فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے پر مبارکباد، شاندار کھیل کی تعریف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے پر اسپین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپانوی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل، بہترین اتحاد اور مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے اسپین کی قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے عمدہ کھیل پیش کر کے عالمی فٹبال میں اپنی برتری ثابت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو ورلڈ کپ کی کامیاب میزبانی پر بھی مبارکباد دی، جبکہ میکسیکو اور کینیڈا کی حکومتوں اور عوام کی مشترکہ میزبانی اور تعاون کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

انہوں نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور پوری فیفا انتظامیہ کو کامیاب اور منظم انداز میں عالمی ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ کھیل سرحدوں، زبانوں اور ثقافتوں سے بالاتر ہو کر پوری انسانیت کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوستی، اتحاد، باہمی احترام اور عالمی ہم آہنگی کا یہی جذبہ مستقبل میں بھی دنیا کی رہنمائی کرتا رہے گا، جبکہ کھیل امن اور عالمی یکجہتی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button