قومی ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ملاقات کی، جس میں ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیراعظم کو جاری ترقیاتی منصوبوں، ان پر ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ قومی اہمیت کے تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو بروقت ان کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور پائیدار معاشی ترقی کا حصول حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار اور مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی تعاون اور مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کریں تاکہ قومی ترقی کے اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔
ملاقات میں قومی ترقی کے مختلف شعبوں، مستقبل کی منصوبہ بندی اور آئندہ ترقیاتی اہداف پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔



