سعودی عرب پر حملے ناقابلِ قبول ہیں، پاکستان برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے کسی صورت قابل قبول نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب پر ہونے والے حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں، پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، جبکہ خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔
اس سے قبل پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مشرق وسطیٰ (یمن) کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس میں بھی سعودی عرب پر حوثی بیلسٹک میزائل حملوں کی مذمت کی تھی۔
پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے، جبکہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور تحمل کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب سعودی اتحادی فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف میزائل داغے گئے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے انہیں فضا میں ہی تباہ کر دیا۔



