کراچی رینجرز ہیڈکوارٹر حملے کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے، بلاول بھٹو

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں رینجرز ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد حملے کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں پولیس، رینجرز، انٹیلی جنس اداروں، تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاک افواج کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اہم پیش رفت اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے غیر متزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والی سرزمین کے معاملے کو سفارتی، قانونی اور سکیورٹی سطح پر پوری سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے اور ان کی سرپرستی کرنے والے عناصر بھی ان بزدلانہ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کے برابر کے مجرم ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی دشمن کی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی اداروں کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button