جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی اولین ترجیح، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعظم سے وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور عوامی فلاح سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوامی خدمت کے ایجنڈے پر مزید تیزی سے عملدرآمد کیا جائے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کو حکومت کی اولین ترجیح بنایا جائے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں، خوشحالی اور عوامی بہبود کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال، وزیر مملکت برائے پاور عبد الرحمٰن خان کانجو اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی شریک تھے۔