برآمدکنندگان کیلئے بڑی خبر، شہباز شریف نے سپر ٹیکس استثنیٰ میں توسیع کا حکم دیدیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیر اعظم شہباز شریف نے برآمدکنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی، جبکہ واضح کیا ہے کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، جس میں ملک میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ، کاروباری ماحول اور صنعت کو درپیش مسائل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کاروباری برادری کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کا بنیادی مقصد برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ کے حوالے سے مشاورت کرنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کاروبار کو آسان بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کررہی ہے، جبکہ توانائی کی لاگت میں کمی بھی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ مشکل معاشی حالات کے باوجود مشاورت کے ذریعے بنیادی اصلاحات کی گئی ہیں۔
وزیر اعظم کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انفورسمنٹ کے ذریعے ایک سال کے دوران 800 ارب روپے ریکور کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی کوششوں کے باعث ملک کے میکرو اکنامک حالات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، تاہم مائیکرو اکنامک سطح پر بہتری کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہے تاکہ معاشی ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو برآمدکنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں اضافہ ملکی معیشت کے استحکام اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے، صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔



