فیول ریلیف اسکیم میں 91 فیصد سے زائد رجسٹریشن موٹرسائیکل اور رکشوں کی ہوئی، شزا فاطمہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ 91 فیصد سے زائد رجسٹریشن موٹر سائیکل اور رکشوں کی ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شزا فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کے لیے خصوصی ریلیف پروگرام شروع کیا ہے۔ اسکیم میں 91 فیصد سے زائد رجسٹریشن موٹرسائیکل اور رکشوں کی ہوئی، گاڑیوں کی رجسٹریشن کا تناسب 8 اعشاریہ 4 فیصد ہے۔

شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے رجسٹریشن میسج کو بالکل مفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ 5 لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگچی، اور رکشوں کو ہفتے میں 500 روپے کی رعایت ملے گی، فراڈ سے بچنے کے لیے شہری اپنی ذاتی معلومات کسی سے شیئر نہ کریں ۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹرسائیکل، چنگچی اسکیم میں رجسٹریشن کےلیے اہل ہوں گے، ایک ٹوکن پر 5 لیٹر پیٹرول کی حد کو ختم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18ستمبر اسکیم میں رجسٹریشن سے متعلق مصروف ترین دن رہا، فیول ریلیف اسکیم کے تحت 14ستمبر کو 38 ہزار 974 رجسٹریشن ہوئیں۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ 15ستمبرکو ایک لاکھ 49 ہزار، 16 ستمبر کو 3 لاکھ 49 ہزار 935 رجسٹریشن ہوئیں، فیول اسکیم کے تحت 14 لاکھ 93 ہزار 848 شہریوں کو فیول ٹوکن جاری کئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک 6 لاکھ 55 ہزار 67 شہری فیول حاصل کرچکے، 18ستمبر کو ایک ہی روز 2 لاکھ 91 ہزار 610 شہریوں نے فیول حاصل کیا۔

مزید خبریں

Back to top button