سندھ میں گندم کی بمپرفصل،نقل وحرکت پرپابندی،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی ہوگی،شرجیل میمن
28ویںترمیم کیلئے وفاقی حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ حکومت کی مؤثر پالیسیوں کے باعث گندم کی بمپر فصل ہوئی ہے،سندھ حکومت نے بے نظیر ہاری کارڈ کے ذریعے کسانوں کی معاونت کی ہے،سندھ کابینہ نے گندم کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے اور گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ذخیرہ اندوزوں کی گندم بحقِ سرکار ضبط کی جائے گی،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ویلنَس اینڈ ریکری ایشنل پارک سکھر کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے،میر معصوم شاہ لائبریری سکھر میں خواتین کے لیے خصوصی بلاک قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیل خانہ جات سندھ میں قیدیوں کی خوراک کیلئے 91کروڑ61لاکھ روپے سے زائد کی اضافی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی،جے پی ایم سی اور این آئی سی ایچ آپریشن اینڈ مینجمنٹ ایکٹ 2025 کے مسودہ بل کی منظوری دے دی گئی ہے،وفاق سے منتقل شدہ طبی اداروں کے انتظام کے لیے نیا قانونی فریم ورک بھی منظور کر لیا گیا ہے۔
سندھ پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنسی پالیسی 2026 نافذ کرنے اور تمام سرکاری میڈیکل اداروں میں یکساں پوسٹ گریجویٹ داخلہ نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،3ہزار794تربیتی نشستوں کے لیے 4ارب 73 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں،صوبائی پوسٹ گریجویٹ کمیٹی (PPC) قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
28ویںترمیم کیلئے وفاقی حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا،آئین میں کوئی ترمیم اچھی یا بری نہیں ہوتی، بلکہ اس کے نکات کو دیکھا جاتا ہے،26ویں اور 27ویں ترمیم کے مواقع پر پیپلز پارٹی نے اپنی آرا پیش کیں اور وہی منظور ہوئیں۔



