ایک سال قبل پاکستان نے بھارت کا سندور مٹا دیا تھا، شرجیل میمن

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
اپنے بیان میں شرجیل مین نے کہا کہ ایک سال قبل پاکستان نے بھارت کا سندور مٹا دیا تھا، معرکہ حق صرف ایک جنگ نہیں قوم کے اتحاد، حوصلے اور پاکستان سے محبت کی داستان ہے، قوم نے جس جرات، استقامت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ معرکہ حق نے یہ ثابت کیا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی، پاک افواج کے جوانوں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، ہم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، پاکستان کی سلامتی اور قومی وقار کے لئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ملک کی سلامتی، جمہوریت اور قوم کی فلاح کے لیے کردار ادا کرتی رہی ہے، شہید بھٹو اور شہید بی بی کی ملکی دفاع اور فلاح کے لئے جدوجہد عوام کے لیے مشعلِ راہ ہے، ہمیں معرکۂ حق کے جذبے کو زندہ رکھتے ہوئے ملک میں امن، ترقی، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا۔



