کراچی: ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کیس میں بڑی پیش رفت، عدالت نے قتل بالسبب کا حتمی چالان منظور کر لیا

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں مبینہ ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے پولیس کی جانب سے پیش کیا گیا حتمی چالان منظور کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بغدادی تھانے میں انمول عرف پنکی کے خلاف درج قتل کا مقدمہ تبدیل کرتے ہوئے پولیس نے حتمی چالان میں امتناعِ قتل کی دفعہ کو ‘قتل بالسبب’ میں تبدیل کر دیا ہے۔ یہ مقدمہ فٹ پاتھ سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملنے پر درج کیا گیا تھا، جس کی جیب سے ملنے والی ایک ڈبیا پر انمول پنکی کا نام درج تھا اور پولیس نے لاش ملنے کے ایک ماہ بعد ایف آئی آر درج کی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی یونیورسٹی کی کیمیکل رپورٹ کی روشنی میں قتل کی بنیادی دفعہ کو ختم کیا گیا، کیونکہ رپورٹ کے مطابق متوفی کی موت منشیات (نشے) کے استعمال کے باعث ہوئی تھی، جبکہ متوفی کی شناخت بھی ممکن نہیں ہو سکی ہے۔
پولیس کے مطابق، قانون کے تحت ‘قتل بالسبب’ کے مقدمے میں ملزمہ کو قید کی سزا کے بجائے صرف دیت کی ادائیگی کرنا ہوگی۔



