شارجہ میں بحری جہاز پر تین پاکستانی1 سال سے محصور، وطن واپسی کے منتظر

دبئی(جانوڈاٹ پی کے)متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے حمریہ پورٹ پر ایک بحری جہاز ستمبر 2025 سے حکام کی تحویل میں ہے، جس کے باعث تین پاکستانی شہری گزشتہ کئی ماہ سے جہاز پر پھنسے ہوئے ہیں اور وطن واپسی کے منتظر ہیں۔

چیف شپ انچارج کے مطابق شپنگ کمپنی کے مالک نے قرض ادا نہ کرنے کے باعث جہاز کی ملکیت سے دستبرداری اختیار کرلی تھی، جس کے بعد مالی تنازع کی وجہ سے جہاز کو ستمبر 2025 میں شارجہ کے حمریہ پورٹ پر تحویل میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آر ایم ایس ون نامی جہاز پر موجود 19 رکنی عملے میں شامل ایک پاکستانی سمیت بیشتر کریو ممبران وطن واپس جاچکے ہیں، تاہم تین پاکستانی تاحال جہاز پر موجود ہیں۔

فیصل آباد کے 27 سالہ عمیر اور سوات کے 22 سالہ کاشف سمیت تین پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ وہ ستمبر 2025 سے جہاز پر موجود ہیں اور کئی ماہ سے وطن واپسی کے منتظر ہیں۔ ان کا شکوہ ہے کہ جہاز پر طویل عرصے سے ایئرکنڈیشننگ اور صاف پانی کی سہولت بھی دستیاب نہیں۔

متاثرہ پاکستانیوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ انہیں اماراتی ویزا فراہم کیا جائے تاکہ وہ جہاز سے باہر نکل کر پاکستان واپس جاسکیں۔

پاکستانی قونصل خانہ دبئی نے کہا ہے کہ شارجہ میں بحری جہازوں پر پھنسے پاکستانیوں کی حالتِ زار سے واقف ہیں۔ قونصل خانے کے مطابق پاکستانی شہریوں کو ویزے کی فراہمی کے لیے اماراتی حکام کو باضابطہ درخواست دے دی گئی ہے۔

قونصل خانہ دبئی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں چار مختلف بحری جہازوں پر مجموعی طور پر 8 پاکستانی شہری پھنسے ہوئے ہیں، جن کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button