پاور کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف لاڑکانہ میں واپڈا ملازمین کا احتجاج، حکومت کو ملک گیر تحریک کی وارننگ

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) پاور کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) نے لاڑکانہ سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے، جبکہ ملازمین نے وفاقی حکومت کی پالیسی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے نجکاری کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں سینکڑوں ملازمین نے ایس ای آفس سے احتجاجی ریلی نکالی، جس کی قیادت ریجنل چیئرمین نثار شیخ نے کی۔ ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی رائل چوک پہنچی جہاں مظاہرین نے دھرنا دیا اور اپنے مطالبات کے حق میں آواز بلند کی۔
شدید گرمی اور سخت دھوپ کے باوجود کارکنوں کی بڑی تعداد احتجاج میں شریک رہی۔ اس موقع پر یونین رہنماؤں نثار شیخ، عبداللہ سومرو، علی محمد جتوئی، ہادی بخش جتوئی، ریاض سانگی، محمود پٹھان، خرم میمن، وسیم جتوئی اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاور کمپنیوں کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نجکاری سے ملازمین کے روزگار اور مستقبل کو خطرات لاحق ہوں گے جبکہ عوام کے لیے بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو احتجاجی تحریک کو ملک بھر میں مزید وسعت دی جائے گی۔
یونین قیادت نے مطالبہ کیا کہ دیگر پاور کمپنیوں کے ملازمین کی طرح سیپکو ملازمین کو بھی فوری طور پر ہارڈ شپ الاؤنس دیا جائے اور ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا ازالہ کیا جائے۔



