سعودی عرب کا شہریوں کو یمنی سرحدی علاقوں میں ممکنہ حملوں سے خبردار

ریاض (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) سعودی عرب نے یمن کی سرحد سے متصل دو علاقوں میں اپنے شہریوں کو ممکنہ حملوں کے خطرے سے خبردار کردیا۔
سعودی ادارہ سول ڈیفنس کی جانب سے ابہا اور خمیس مشیط کے قریبی علاقوں کے لیے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز کے درمیان گزشتہ ہفتے سے لڑائی میں شدت آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 20 جولائی کو حوثیوں نے سعودی ناکہ بندی کے ردعمل میں بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی۔
گزشتہ ہفتے حوثیوں نے ایک بڑی فوجی کارروائی کے بعد بحیرہ احمر کے مغربی ساحلی علاقے اور آبنائے باب المندب کا کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس دوران یمنی حکومتی فورسز کو مذکورہ علاقوں سے پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
سعودی حکام کی جانب سے شہریوں کو محتاط رہنے اور ممکنہ خطرات سے محفوظ رہنے کے لیے جاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔



