سعودی عرب کی اقوامِ متحدہ میں فلسطینی حقوق کی بھرپور حمایت، دو ریاستی حل کو ناگزیر قرار

نیو یارک (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے فلسطینی عوام کے حقوق کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کو مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کا بنیادی محور قرار دیا ہے۔
اقوامِ متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبدالعزیز الواصل نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل ناگزیر ہے، جس کے تحت مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بناتے ہوئے ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام یقینی بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادکاری، زمینوں پر قبضے اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
سعودی مندوب نے زور دیا کہ غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ انسانی جانوں کے مزید نقصان کو روکا جا سکے اور متاثرہ آبادی تک امدادی سامان کی بروقت فراہمی ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی امداد کو کسی بھی قسم کے سیاسی دباؤ یا مفادات کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور سلامتی کونسل کو اپنی منظور شدہ قراردادوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔



