سعودی عرب:ایک ہفتے میں ہزاروں غیر قانونی باشندے ملک بدر

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب نے غیر قانونی رہائش اور لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ہفتے کے دوران ہزاروں غیر قانونی مقیم افراد کو گرفتار اور ملک بدر کر دیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 4 جون سے 10 جون کے دوران سکیورٹی فورسز اور متعلقہ اداروں کے مشترکہ آپریشن میں مجموعی طور پر 10 ہزار 725 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار شدگان میں 5 ہزار 899 افراد اقامتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے، جبکہ 3 ہزار 84 افراد بارڈر سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ ایک ہزار 742 افراد لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گرفتار کیے گئے۔
سعودی میڈیا کے مطابق اسی عرصے میں 7 ہزار 989 غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کیا گیا، جبکہ 14 ہزار 268 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے اپنے سفارتی مشنز میں منتقل کیا گیا۔
بارڈر سکیورٹی کے دوران 1 ہزار 418 افراد کو سرحد عبور کرنے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا، جن میں 43 فیصد یمنی، 55 فیصد ایتھوپین اور 2 فیصد دیگر قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ اسی طرح غیر قانونی طور پر ملک چھوڑنے کی کوشش کرنے والے 34 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
سعودی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں اقامتی، لیبر اور بارڈر قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے لیے جاری رہیں گی۔



