سعودی عرب اور امریکا کی عراق میں مشترکہ کارروائی، ایران نواز گروپوں کے ٹھکانے نشانہ بنا دیے

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے عراق میں ایران نواز مسلح گروپوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق یہ کارروائی حالیہ ڈرون حملوں کے جواب میں کی گئی، جن میں ایران نواز گروپوں نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔
وزارت دفاع نے بتایا کہ اس سے قبل سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں تیل کی تنصیبات پر ہونے والا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا، جبکہ عراق سے داغے گئے متعدد ڈرون اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیے گئے۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مشترکہ کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور سعودی عرب نے عراق میں ایران سے وابستہ مسلح گروہوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔
سینٹ کام کے مطابق نشانہ بنائے گئے گروہ امریکی افواج اور سعودی توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے ان کے حملوں کو ناکام بنا دیا گیا۔



