سعودی عرب میں حضرت عمرفاروقؓ کے نام والا کتبہ دریافت

جدہ(جانوڈاٹ پی کے)سعودی ہیریٹیج کمیشن نے مدینہ ریجن کے المہد گورنریٹ میں آثارِ قدیمہ کے سروے کے دوسرے مرحلے کے اختتام پر مجموعی طور پر 1774 اہم دریافتوں کا اعلان کیا ہے۔کمیشن کے مطابق یہ سروے تین علاقوں، السویریقیہ، المویہیہ اور حضہ میں کیا گیا جہاں آثارِ قدیمہ کے 156 نئے مقامات کی نشاندہی کی گئی۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سروے کے دوران 461 اسلامی کتبے، 34 ثمودی کتبے، چٹانوں پر بنے 1259 نقوش، پتھر سے بنے 11 ڈھانچے، 3 تاریخی محلات، قافلوں کے 2 راستے اور 4 کنویں دریافت کیے گئے۔نمایاں دریافتوں میں خلیفہ دوم حضرت عمر فاروقؓ کے نام والا کتبہ شامل ہے، جبکہ عربی شاعری پر مبنی نقوش بھی ملے ہیں جس سے اس مقام کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔سعودی ہیریٹیج کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سعودی وژن 2030 کے تحت ملک بھر میں آثارِ قدیمہ کے تحفظ کے منصوبے جاری رکھے جائیں گے تاکہ مملکت کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنایا جا سکے۔



