ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں وارڈبوائے سرجن بن گیا

سرگودھا (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) سرگودھا ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کی جانوں سے مبینہ طور پر کھیلنے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جہاں ایک وارڈ بوائے کے سرجری کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا۔
ذرائع کے مطابق ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر وقاص نامی وارڈ بوائے کو آپریشن کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ سرجن حافظ ریاض اکثر آپریشن کے دوران آپریشن تھیٹر سے چلے جاتے ہیں اور اپنی جگہ وارڈ بوائے کو سرجری جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ آپریشن تھیٹر کے عملے نے اس عمل پر اعتراض کیا تو انہیں مبینہ طور پر دھمکیاں دی گئیں اور وارڈ بوائے کو سرجری جاری رکھنے کا کہا گیا۔
اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ معاملہ انتظامی غفلت اور مریضوں کی حفاظت سے متعلق سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔ مریضوں کے لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وقاص آپریشن تھیٹر میں فرائض انجام دیتا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق عملے کی کمی کے باعث بعض ملازمین کو خصوصی تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ آپریشن تھیٹر میں معاونت فراہم کر سکیں۔
ہسپتال انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ بعض افراد ذاتی مخالفت کی بنیاد پر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں، جبکہ معاملے کی حقیقت متعلقہ تحقیقات کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔



