سعید میمن کے اغوا کاافسوسناک قرار،اہل خانہ سميت پوری سندھی قوم میں بے چینی کی لہردوڑ گئی

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاويد لطيف ميمن/جانوڈاٹ پی کے)سعید میمن کے اغوا کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے،اہل خانہ سميت پوری سندھی قوم میں بے چینی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے
سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) کے مرکزی رہنما ڈاکٹر حمید میمن کے بھائی سعید میمن کے مبینہ اغوا کے خلاف ایس ٹی پی ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں پارٹی کارکنوں، رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سعید میمن کی جلد بازیابی کے لیے نعرے بازی کی۔
اس موقع پر ایس ٹی پی ضلع ٹھٹھہ کے صدر جلال شاہ، طارق عباسی، صاحب ڈنو سموں، راجو قریشی، تعلقہ صدر ناتھو خان بروہی، جمیل سموں اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعید میمن کے اغوا کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے، جس کے باعث نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ پوری سندھی قوم میں بے چینی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اور سماجی کارکنوں کو اغوا کرنا یا انہیں عدم تحفظ کا شکار بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ رہنماؤں نے وفاقی حکومت، بلوچستان حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بلوچستان کی سیاسی قیادت سے مطالبہ کیا کہ سعید میمن کی محفوظ بازیابی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور اغوا میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔



