سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض متحرک،جی ٹی روڈ پرپبلک ٹرانسپورٹ کی سرپرائز چیکنگ

اوکاڑہ(رپورٹ:وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے)سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض نے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ کی سرپرائز چیکنگ کی۔ چیکنگ کے دوران سیکرٹری ڈی آر ٹی اے نے مختلف بسوں اور ویگنوں میں سوار مسافروں سے خود بات چیت کی اور ان سے وصول کیے جانے والے کرایوں کے بارے میں استفسار کیا اور کرایوں میں اوور چارجنگ کے خلاف متعدد ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے۔ انہوں نے موقع پر موجود ٹرانسپورٹرز کو وارننگ دی کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایہ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں بھاری جرمانے اور گاڑیوں کو بند کرنا بھی شامل ہے۔ سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اصل ریلیف عوام تک پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ناجائز منافع خوری اور اوور چارجنگ کے خاتمے کے لیے جی ٹی روڈ اور دیگر روٹس پر چیکنگ کا یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر بلا تعطل جاری رہے گا تاکہ عوام کو سفر کے دوران کسی قسم کے استحصال کا سامنا نہ کرنا پڑے



