ریسکیو1122اوکاڑہ میں نئے تعینات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد عبداللّٰہ نے چارج سنبھال لیا

اوکاڑہ(رپورٹ:وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122اوکاڑہ میں نئے تعینات ہونے والے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد عبداللّٰہ نے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔
سنٹرل ریسکیو اسٹیشن آمد پر ضلع بھر کے افسران اور ریسکیورز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کنٹرول روم انچارج سیلم مسعود اور ریسکیو سیفٹی آفیسرز رانا طارق صدیق، ندیم اصغر اور عارف اقبال نے ڈاکٹر خالد عبداللّٰہ کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے، جبکہ ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد عبداللّٰہ نے فرداً فرداً تمام ریسکیورز سے مصافحہ کیا اور شاندار استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ریسکیورز سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور بروقت، معیاری ایمرجنسی سروسز کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جس طرح ماضی میں ریسکیو 1122 اوکاڑہ اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت پورے پنجاب میں ایک مثالی ضلع سمجھا جاتا تھا، اسی جذبے، ٹیم ورک، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت کے عزم کے ساتھ آئندہ بھی تمام افسران اور ریسکیورز مل کر اوکاڑہ کو نمایاں مقام دلائیں گے اور عوام الناس کی بلاامتیاز خدمت کا سفر جاری رکھیں گے



