برطانیہ میں 106 سال پرانا تاریخی رولر کوسٹر مستقل بند کرنے کی تیاریاں

لندن(جانوڈاٹ پی کے)برطانیہ میں موجود دنیا کے قدیم ترین رولر کوسٹرز میں شمار ہونے والے ’’سینک ریلوے‘‘کو 106 سال بعد مستقل طور پر بند کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ڈریم لینڈ مارگیٹ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ تفریحی پارک کی تاریخی اور سب سے نمایاں سواری ’’سینک ریلوے‘‘اب ریٹائرمنٹ کی جانب بڑھ رہی ہے۔ گریڈ ٹو میں شامل یہ لکڑی کا رولر کوسٹر 1920 میں نیویارک کے مشہور کونی آئی لینڈ کی طرز پر تعمیر کیا گیا تھا۔
پارک انتظامیہ کے مطابق اُس دور میں اسے یورپ کے سب سے بڑے رولر کوسٹر کے طور پر پیش کیا گیا تھا اور افتتاحی سیزن کے دوران تقریباً 10 لاکھ افراد نے اس سواری سے لطف اٹھایا۔
ایک صدی سے زائد عرصہ فعال رہنے کے بعد اب پارک نے تصدیق کی ہے کہ ’’سینک ریلوے‘‘کو مستقل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق 2024 میں ایک بڑی تکنیکی خرابی سامنے آنے کے بعد سے یہ سواری آپریشنل نہیں تھی۔
ڈریم لینڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سواری کو بند کرنے کا فیصلہ طویل مشاورتی عمل کے بعد کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اس تاریخی رولر کوسٹر کو 1949 اور 1957 میں آتشزدگی کے واقعات سے نقصان پہنچا تھا جبکہ 2006 سے 2015 کے دوران بھی آتشزدگی کے ایک حملے کے بعد بحالی کے کام کے باعث اسے بند رکھا گیا تھا۔



