امریکہ ایران کشیدگی کے معاشی اثرات نمایاں، ترسیلاتِ زر میں کمی ریکارڈ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی امریکہ اور ایران کشیدگی کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
اپریل کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے مقابلے میں اپریل میں ترسیلاتِ زر میں 8 فیصد کمی ہوئی، اپریل کے دوران مجموعی ترسیلاتِ زر 3 ارب 53 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہیں، جبکہ مارچ میں یہ حجم 3 ارب 83 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھا۔
متحدہ عرب امارات سے آنے والی ترسیلاتِ زر میں سب سے زیادہ کمی دیکھی گئی، جہاں اپریل میں 11 فیصد کمی کے بعد رقوم 73 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہ گئیں، جبکہ مارچ میں یو اے ای سے 83 کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے۔
اسی طرح سعودی عرب سے بھی ترسیلاتِ زر میں 8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اپریل میں سعودی عرب سے 84 کروڑ 20 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، جو مارچ کے مقابلے میں کم ہیں۔
امریکہ سے آنے والی ترسیلاتِ زر میں بھی 11 فیصد کمی سامنے آئی، اپریل میں امریکہ سے 31 کروڑ 80 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔



