پوڈکاسٹر ریحان طارق لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار، متنازعہ پوڈکاسٹ کیس میں این سی سی آئی اے کی تفتیش جاری


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پوڈکاسٹر ریحان طارق کو لندن سے واپسی پر لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ریحان طارق رات تقریباً ایک بجے کے بعد لندن سے لاہور ایئرپورٹ پہنچے، جہاں چیکنگ کے دوران ان کا نام پی این آئی ایل لسٹ میں شامل ہونے اور مقدمے کی موجودگی پر انہیں روک لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریحان طارق کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور میں مقدمہ درج ہے، جس کے باعث ایئرپورٹ پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
حکام کے مطابق ایف آئی اے اہلکاروں نے ریحان طارق کو روکا، جس کے بعد این سی سی آئی اے کے اہلکار پہنچے اور انہیں اپنے ساتھ دفتر لے گئے۔
این سی سی آئی اے ذرائع کے مطابق ریحان طارق سے دفتر میں تفتیش جاری ہے۔ ان کے خلاف مقدمہ پوڈکاسٹ میں علامہ جواد نقوی سے کیے گئے مبینہ متنازع سوالات کے معاملے پر درج کیا گیا ہے۔