عمران سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل ہوا، اب عدالت جو فیصلہ دیگی عمل کرینگے،رانا ثنااللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ عمران خان سے متعلق عدالت کے فیصلے پر عمل ہوا لہٰذا 16ستمبر کو عدالت جو فیصلہ کرےگی اس پرعمل کریں گے۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہاکہ حکومت اور سپریم کورٹ سمیت عدالتیں بھی آئین کے تابع ہیں، سپریم کورٹ کےفیصلے پر عملد درآمد پر پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفرنے مؤقف اپنایا، علی ظفر کو بھی عدالت نہیں بننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال لایا گیا  مگر وہاں سکیورٹی کے معاملات تھے، امن و امان کی صورت پیدا ہوسکتی تھی، آخری لمحے میں پروگرام تبدیل کرکے ان کوسرکاری اسپتال لےجایاگیا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں  یہ بھی کہا کہ سکیورٹی سے متعلق انتظامیہ فیصلہ کرے، ہم اور انتظامیہ شواہد پیش کریں گےکہ شفا اسپتال کے باہر یہ حالات تھے، آپ اس کی تردیدکریں، امن و امان کی صورت حال پیدا نہ ہو اس لیے اسے حل کیاگیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا قابل ڈاکٹرز نےچیک اپ کیا اور انہیں صحت مند قرار دیا، ہمارا مؤقف ہےکہ عدالت کے فیصلے پر عمل ہوا، عدالت فیصلہ کرے گی کہ کمی رہ گئی یا فیصلے پر عمل ہوا، 16ستمبر کو عدالت جو فیصلہ کرےگی اس پرعمل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے کہا تھا بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ملاقات سے متعلق کوئی بات میڈیا پرنہیں کریں گے، آپ نے عمران خان کی صحت پر پریس کانفرنس کی، آپ خاموشی کے ساتھ وزیراعلیٰ کے پی کو کہہ دیتےکہ بانی پی ٹی آئی نےکہا کہ جلاؤگھیراؤ کا سلسلہ جاری رکھیں۔

مزید خبریں

Back to top button