رہڑکی دربار کے نئے گدی نشین کا فیصلہ، روہت کمار نویں گدی نشین مقرر

گھوٹکی (رپورٹ: وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے) رہڑکی دربار کے گدی نشین سنت ساڌ رام کے انتقال کے بعد نئے گدی نشین کی تقرری کے معاملے پر پیدا ہونے والی کشیدگی ختم ہوگئی، جبکہ روہت کمار کو باضابطہ طور پر رہڑکی دربار کا نواں گدی نشین مقرر کر دیا گیا۔
رہڑکی دربار میں سنت ساڌ رام کی رہائش گاہ پر منعقدہ خصوصی تقریب میں روہت کمار، ان کے سوتیلے بھائی راجا سائیں وکرم لال، روچک سائیں، سائیں بلی رام، ریتھک سائیں، روہن سائیں اور دیگر اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر راجا سائیں وکرم لال نے روہت کمار کو پگڑی کا ور دے کر گدی نشینی کی رسم ادا کی۔
تقریب کے دوران گدی نشینی کے دیگر امیدواروں روچک سائیں اور سائیں بلی رام سمیت دیگر افراد نے بھی روہت کمار کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں پگڑی کا ور پیش کیا۔
بعد ازاں ذوالفقار علی بھٹو جونیئر اور رمیش سنگھ اروڑا رہڑکی دربار پہنچے اور سنت ساڌ رام کے انتقال پر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا کہ سنت ساڌ رام کے انتقال پر انہیں دلی افسوس ہے، تاہم دربار میں جاری ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو آج بھی بنیادی مسائل کا سامنا ہے جبکہ سرکاری اسپتال ادویات اور سہولیات کی کمی کے باعث ریفرل سینٹر بن کر رہ گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی پی شہید بھٹو اب صرف سیاسی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ فلاحی کاموں پر بھی توجہ دے رہی ہے اور ایچ آئی وی/ایڈز سمیت مختلف سماجی مسائل پر کام جاری ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ مناسب وقت آنے پر کیا جائے گا۔



