وفاقی حکومت دکھ کی گھڑی میں بلوچستان حکومت کے ساتھ کھڑی ہے،محسن نقوی،کوئٹہ دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں آئی جی بلوچستان پولیس نے کوئٹہ چمن پھاٹک کے قریب دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔اجلاس میں معصوم لوگوں پر بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کی گئی اور شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت دکھ کی گھڑی میں بلوچستان حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، درندوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر بدترین سفاکیت کا مظاہرہ کیا۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے شکر گزار ہیں ہر مشکل گھڑی میں وہ بلوچستان کے ساتھ رہے ہیں، شہداء کے خون کے مقروض ہیں۔ فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔



