کیا قطر نے ایران کو 12 ارب ڈالر کی پیشکش کی؟ بڑا دعویٰ بے نقاب

دوحہ (ویب ڈیسک) قطر نے ایران کو معاہدے کے بدلے رقم کی پیشکش سے متعلق خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دعوے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں۔
قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ ایران کو جنگ کے خاتمے کے معاہدے کے لیے 12 ارب ڈالر کی پیشکش سے متعلق رپورٹس “بالکل بے بنیاد” ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی افواہیں وہ عناصر پھیلا رہے ہیں جو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق قطر کا سفارتی کردار شفاف اور تسلیم شدہ ہے اور وہ علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر امن کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب ایرانی وفد کے سربراہ باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی قطر کے دورے پر ہیں، جہاں ان کی امیر قطر سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز، منجمد اثاثوں اور یورینیم ذخائر سے متعلق امور بھی زیر بحث آئیں گے۔



