پنجاب پولیس میں 3 ہزار نئی بھرتیوں کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب پولیس میں ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے خوشخبری سامنے آگئی، محکمہ پولیس نے مختلف شعبوں میں 3 ہزار کانسٹیبل اور لیڈی کانسٹیبلز بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ہر سال ریٹائرمنٹ، تبادلوں اور دیگر وجوہات کی بنا پر خالی ہونے والی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔ یہ تقرریاں ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول (PHP) اور دیگر یونٹس میں کی جائیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کانسٹیبلز کی خالی نشستوں پر بھرتیوں کے لیے سمری حکومت پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے، اور منظوری ملتے ہی بھرتی کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق آخری مرتبہ بڑے پیمانے پر بھرتیاں سابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے دور میں کی گئی تھیں، جن کے تحت 10 ہزار سے زائد خالی آسامیوں پر تقرریاں عمل میں لائی گئی تھیں۔

محکمہ پولیس کا مؤقف ہے کہ نئی بھرتیوں کا مقصد فورس کی افرادی قوت میں اضافہ کرنا، سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانا اور عوام کو بہتر پولیسنگ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

حکام کے مطابق حکومت کی منظوری کے بعد امیدواروں کے لیے اہلیت، عمر کی حد، جسمانی معیار، درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار اور بھرتی کے شیڈول سے متعلق مکمل تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button