دریائے چناب، جہلم، راوی اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 20 سے 24 جولائی کے دوران دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور مختلف علاقوں میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے سے درمیانے اور بعض مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، جبکہ دریائے راوی اور چناب سے منسلک نالوں بہیں، بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں بھی طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
ممکنہ صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، واسا، ریسکیو 1122، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز مکمل طور پر فعال رکھے جائیں، ریسکیو ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں اور ریسکیو آپریشن کے لیے ایندھن سمیت تمام ضروری وسائل دستیاب ہوں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود آبادیوں اور مویشیوں کے بروقت انخلا کو یقینی بنایا جائے، جبکہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں خوراک، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کا بھی انتظام مکمل رکھا جائے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، غیر ضروری طور پر دریا، ندی نالوں اور سیلابی علاقوں کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔



