تعلیمی اصلاحات: وزیر تعلیم پنجاب ہر ہفتے سکول میں خود کلاس لیں گے، مریم نواز کی سخت ہدایت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سکول ایجوکیشن کے حوالے سے ایک اہم خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کئی انقلابی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے وزیر تعلیم رانا سکندر کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر ہفتے خود کسی ایک سرکاری سکول میں جا کر بچوں کو پڑھائیں اور کلاس لیں۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں نے صرف دو سال چار ماہ کے مختصر عرصے میں 43 لاکھ نئے طلبہ کی انرولمنٹ (داخلوں) کا ہدف مکمل کر کے ماضی قریب کا ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (PEF) کے 1 لاکھ 38 ہزار اساتذہ کی تنخواہوں کی شفاف ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس کھولنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے محکمہ تعلیم میں آمدن بڑھانے کے اختراعی ذرائع پر جامع پلان طلب کرنے کے ساتھ ساتھ وزیر تعلیم کو پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے پنجاب بھر میں قائم ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن کے لیے تجاویز مانگ لیں اور ان کی ڈیجیٹل میپنگ کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کرنے کا حکم دیا۔



